خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس نے جنسی زیادتی کے جھوٹے مقدمات درج کرانے اور بعد میں مبینہ طور پر رقم لے کر ملزمان کے حق میں بیانات دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت 7 مقدمات کے مدعیان اور گواہوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی علی وسیم نے کہا ہے کہ جنسی زیادتی کے جھوٹے الزامات لگا کر مقدمات درج کرانے اور بعد ازاں بڑی رقوم کے عوض ملزمان کے حق میں بیانات دے کر مقدمات ختم کرانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جنسی زیادتی جیسے سنگین جرم کا جھوٹا الزام لگا کر ذاتی مفادات حاصل کرنے اور قانون کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
ڈی آئی جی اسلام آباد کے مطابق اس اقدام کا مقصد قانون کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی اور عدالتی و انتظامی سطح پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے، حقیقی متاثرین کو انصاف فراہم کرنا اور خواتین سمیت تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔