پاکستانی عوام ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں: امیر مقام

پاکستانی عوام ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں: امیر مقام

امیر مقام نے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایک کشمیری اور پاکستانی کے زندہ رہنے تک کشمیریوں کی حمایت کا عزم برقرار رہے گا، پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ، یاسین ملک اور دیگر کشمیری رہنما بھارتی جیلوں میں قید ہیں، تاہم بھارتی قوانین اور سزائیں کشمیریوں کے جذبے کو ختم نہیں کر سکتیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی کا کہنا تھا کہ کشمیر عالمی سطح پر ایک متنازع علاقہ تسلیم کیا گیا ہے،57 مسلم ممالک نے اقوام متحدہ سے کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت کے دعوؤں کے برعکس کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ 27 اکتوبر کو ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔

اس سلسلے میں کراچی، لاہور، پشاور، اسلام آباد، مظفرآباد اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں تقریبات اور پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جا سکے۔