مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی اور عالمی امن کیلئے ناگزیر ہے: وزیراعظم آزاد کشمیر

مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی اور عالمی امن کیلئے ناگزیر ہے: وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر سے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے وفد نے خصوصی ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور دونوں کے مابین اٹوٹ رشتے پر زور دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی حکومت نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر (IIOJK) کے نہتے عوام پر ناقابلِ بیان اور بہیمانہ مظالم کی انتہا کر دی ہے، مسئلہ کشمیر کا پرامن اور دیرپا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ہی ممکن ہے، بھارت آزاد جموں و کشمیر میں عدم استحکام اور انتشار پیدا کرنے کے لیے مسلسل پرتشدد اور شرپسند گروہوں کی حمایت اور پشت پناہی کر رہا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام ایسے پرتشدد عناصر کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور اپنے مسائل کے حل کے لیے جمہوری و انتخابی عمل اور اپنے منتخب نمائندوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، کشمیری عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا رشتہ محض جغرافیائی نہیں بلکہ اسلامی، نظریاتی اور روحانی ہے، ہم یک جان دو قالب کی مانند ہیں اور پاکستان کے بغیر کشمیر نامکمل ہے۔