خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور معاشی استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق ملاقات میں آزاد کشمیر میں کثیرالجہتی ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے، مقامی تجارت کے فروغ اور علاقائی سیاحت کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اہم شاہراہوں کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے وفاقی حکومت کی جانب سے معاونت بڑھانے پر زور دیا اور آزاد کشمیر میں صحت اور تعلیمی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں نوجوانوں کے لیے روزگار اور معاشی مواقع پیدا کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقعے پر آزاد کشمیر کے عوام سے گہرے اور دیرینہ رشتے مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آزاد کشمیر کی قیادت کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
حکومت پاکستان نے آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے جاری ترقیاتی منصوبوں میں تعاون اور عوام کی سماجی و معاشی بہتری کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی شریک تھے۔