خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بچوں اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سپیڈی کورٹس قائم کی جا رہی ہیں، جبکہ بچوں اور خواتین کے استحصال میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے نیا ایکٹ بھی لایا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے بچوں کے جنسی استحصال، بدسلوکی اور تشدد کی روک تھام اور بحالی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ ایک محفوظ اور مہذب معاشرے کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے۔ بچوں کی حفاظت، عزت اور بہتر مستقبل کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو جنسی استحصال، بدسلوکی اور ہر قسم کے تشدد سے محفوظ بنانا پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد نہ صرف جرم ہے بلکہ شرفِ انسانیت کے بھی منافی ہے، بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر معاشرے کے مجرم ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیف سٹی کیمروں اور پنک بٹن کے ذریعے بچوں کی حفاظت یقینی بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی بھی قائم کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں ایک لاکھ سے زائد گمشدہ اور اغوا شدہ بچوں کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا گیا ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کے تحفظ، حقوق کی پاسداری اور محفوظ مستقبل کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔