تعلیم حکومتوں کی ترجیح نہیں، تعلیمی نظام تباہ ہو رہا ہے: حافظ نعیم الرحمان

تعلیم حکومتوں کی ترجیح نہیں، تعلیمی نظام تباہ ہو رہا ہے: حافظ نعیم الرحمان

اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام ’’نیشنل ڈائیلاگ اِن ایجوکیشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ڈائیلاگ کے انعقاد پر اسلامی جمعیت طلبہ کو مبارکباد بھی پیش کی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومتوں نے طلبا یونین پر پابندی عائد کر رکھی ہے، تاہم 2024 میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے بعد طلبا یونین کی پابندی کا معاملہ حل ہو گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ طلبا یونین کی موجودگی میں قتل و غارت گری کے واقعات نہ ہونے کے برابر تھے، مگر طلبا یونین ختم کرکے سیاست کی نرسری بھی ختم کر دی گئی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج بھی ہم اسی مقام پر کھڑے ہیں جہاں 30 سال پہلے تھے، ایک ملک میں پانچ مختلف تعلیمی نظام رائج ہوں تو ایک قوم کیسے بن سکتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہزاروں اسکول آؤٹ سورس کیے جا چکے ہیں، جبکہ ان کے بقول آؤٹ سورس کیے گئے اسکولوں میں سے 80 فیصد اپنے مقاصد کے مطابق کام نہیں کر رہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے تعلیمی نظام میں بہتری، یکساں تعلیمی مواقع کی فراہمی اور طلبا کی مثبت سیاسی و جمہوری تربیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبا کی نمائندگی اور یونینز کی بحالی کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔