خلاصہ
- برسلز: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عالمی امن کیلئے اجتماعی شعور، مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے۔
یورپی پارلیمنٹ برسلز میں شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی عالمی امن، سلامتی اور یو این امن مشنز میں خدمات ایک روشن مثال ہے، دہائیوں میں 48 اقوام متحدہ امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکار خدمات انجام دے چکے ہیں، عالمی امن مشنز میں 183 پاکستانی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ تنازعات میں گھرے علاقوں میں امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات مزید بڑھا سکتی ہے، امن مشنز کے مینڈیٹ حقیقت پسندانہ، وسائل سے بھرپور اور دیرپا سیاسی حل سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امن مشنز کے مینڈیٹ کی تشکیل میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مؤثر نمائندگی ملنی چاہیے، امن صرف جنگ نہ ہونے کا نام نہیں، پائیدار استحکام کیلئے انسانی سلامتی کو ترجیح دینا ہوگی، موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوری تنازعات کو مزید ہوا دے رہے ہیں۔