وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی ثانیہ عاشق کا آٹزم سکول گوجرانوالہ کیمپس کا دورہ

وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی ثانیہ عاشق کا آٹزم سکول گوجرانوالہ کیمپس کا دورہ

معاون خصوصی برائے خصوصی تعلیم ثانیہ عاشق کو اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد اور سی ای او بلڈنگز نے منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ثانیہ عاشق نے تعمیراتی کام کے معیار کو برقرار رکھنے اور منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کو معیاری تعلیم اور جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

دورے کے دوران معاون خصوصی نے خصوصی بچوں سے ملاقات بھی کی، ان کے ساتھ وقت گزارا اور بات چیت کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

ترجمان کے مطابق اروپ ٹاؤن کے سپیشل ایجوکیشن سکول کو اپ گریڈ کرکے مریم نواز سیٹلائٹ کیمپس فار آٹزم بنایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ثانیہ عاشق نے کہا کہ تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں آٹزم سیٹلائٹ ہب قائم کیے جائیں گے تاکہ آٹزم کا شکار بچوں کو ان کے قریبی علاقوں میں بہتر تعلیمی اور معاون سہولیات میسر آسکیں، جبکہ صوبے بھر میں 41 ہزار خصوصی بچوں کی ہیلتھ سکریننگ، علاج اور سرجری کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد خصوصی بچوں کے لیے ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جہاں انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور زندگی میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیں۔

ثانیہ عاشق نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود اور انہیں جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔