خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ کمیٹیوں کی سطح پر مذاکرات کا عمل مکمل ہو گیا ہے، 24 یا 25 نومبر کو وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق معاملات حتمی طور پر طے کیے جائیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسحاق ڈار اور دیگر حکومتی کمیٹی کے ارکان کو معاہدے کا جو ڈرافٹ دیا تھا، آج اس پر حتمی موقف سے آگاہ کرنا تھا، حکومت کو بتایا ہے کہ ہمارا مسلسل احتجاج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف تھا، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرے اور عوام کو ریلیف دے۔
انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کا بحران سراسر حکومتی نااہلی ہے، خطرات سروں پر منڈلا رہے تھے لیکن بروقت اقدامات نہیں کیے گئے، حکومت کا کہنا ہے کہ ایل این جی اور ایل پی جی کے لیے اقدامات کر لیے گئے ہیں، ایک کارگو پہنچ گیا ہے جبکہ دوسرا کل پہنچ جائے گا۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ پٹرولیم لیوی کے معاملے پر جماعت اسلامی کا موقف درست ہے، حکومتی وفد نے اپنی مجبوریاں بتائیں اور لیوی میں کمی کے لیے ایک پیکیج تیار کیا ہے، حکومت نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر اپنی مشکلات سے بھی آگاہ کیا، اس معاملے پر ایک انڈرسٹینڈنگ ہو گئی ہے اور بجٹ سے پہلے مکمل میکنزم سامنے آ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ جماعت اسلامی کی مسلسل محنت رنگ لا رہی ہے، جماعت اسلامی کے احتجاج کو قومی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، پٹرول کی قیمتیں کم ہونے سے عوام کو ریلیف ملا ہے، یہ ریلیف جاری رہنا چاہیے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام صوبوں کے حوالے کیا جائے، سرکاری سطح پر 1300 سی سی گاڑیوں کے استعمال کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیوی بھتہ خوری ہے جس کے ذریعے عوام کی جیبیں کاٹی جا رہی ہیں، اگر ایف بی آر اپنا ہدف پورا نہیں کر رہا تو اس کی سزا عوام کو کیوں دی جا رہی ہے؟ حکومتی وفد کو اس حوالے سے نشاندہی کر دی ہے۔
لیاقت بلوچ نے بتایا کہ 22 نومبر کو کوئٹہ اور 29 نومبر کو لاہور میں جلسہ ہوگا، اس کے بعد کراچی میں بڑا جلسہ کیا جائے گا، جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کے درمیان موجود رہے گی۔