ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق اس نظام کے تحت 2 سال کے دوران 20 سے زائد ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کرنے والے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کردیے جائیں گے، جبکہ 10 سے زائد پوائنٹس حاصل کرنے والوں کو وارننگ جاری کی جائے گی۔

نئے نظام کا اطلاق لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل (ایل ٹی وی)، ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکل (ایچ ٹی وی) اور پبلک سروس وہیکل (پی ایس وی) کے ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے افراد پر ہوگا، اس نظام کے تحت ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں کی نوعیت اور سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے 2 سے 15 تک ڈی میرٹ پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں۔

مقررہ قواعد کے مطابق ٹریفک حادثے میں کسی شخص کی موت کا سبب بننے والے ڈرائیور کو 15 ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جائیں گے، جبکہ حادثے میں کسی شخص کو شدید زخمی کرنے پر 10 پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں۔ اسی طرح حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے والے ڈرائیور کو بھی 10 ڈی میرٹ پوائنٹس کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ٹریفک قوانین کی دیگر خلاف ورزیوں میں سگنل توڑنے، گاڑی میں مقررہ گنجائش سے زیادہ افراد یا سامان لادنے اور پولیس اہلکار کے رکنے کے حکم کو نظرانداز کرنے پر 6، 6 ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ لاپرواہی سے گاڑی چلانے اور ٹریفک حادثے کے نتیجے میں املاک کو نقصان پہنچانے پر بھی ڈی میرٹ پوائنٹس عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم ان خلاف ورزیوں کے لیے پوائنٹس کی مخصوص تعداد فراہم کردہ تفصیلات میں واضح نہیں کی گئی۔

نئے نظام کے تحت ڈرائیوروں کی جانب سے 2 سال کے دوران حاصل کیے گئے ڈی میرٹ پوائنٹس کو مدنظر رکھا جائے گا، 10 سے زائد پوائنٹس پر وارننگ جاری ہوگی، جبکہ 20 سے زائد پوائنٹس حاصل کرنے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔

اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کی حوصلہ شکنی اور سڑکوں پر حادثات کی روک تھام میں مدد دینا ہے۔