پاکستان
خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانجل 22 سے 23 نومبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پرتگالی ہم منصب کو دورے کی دعوت دی تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور پرتگال 7 نومبر 1949 کو قائم ہونے والے سفارتی تعلقات کی 77ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اپنے پرتگالی ہم منصب سے ون آن ون ملاقات کریں گے، وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد دونوں رہنما مشترکہ پریس ٹاک بھی کریں گے۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو کریں گے۔
ترجمان کے مطابق پرتگالی وزیر خارجہ کے دورے کے موقع پر پاکستان اور پرتگال بزنس فورم بھی منعقد ہوگا۔