خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئے صوبوں کے قیام کی بحث میں تیزی آگئی ، صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی اہم شخصیت سے ملاقات سامنے آئی ہے۔
سلام آباد: ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق بحث میں تیزی آگئی، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی اسلام آباد میں ایک انتہائی اہم شخصیت سے ملاقات ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
ذرائع نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس دوران نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر اینکر پرسن ثمر عباس نے انکشاف کیا کہ ملاقات میں انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے عوامی ریفرنڈم کرانے کی تجویز پر بات ہوئی۔
ثمر عباس کا کہنا تھا کہ مجوزہ طریقہ کار کے تحت اگر سندھ کے عوام ریفرنڈم میں مزید انتظامی یونٹس کے قیام کے خلاف رائے دیتے ہیں تو وہاں انتظامی تقسیم نہیں ہوگی، جبکہ جس صوبے کے عوام اس کے حق میں رائے دیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ وہاں نئے انتظامی یونٹس قائم کیے جاسکیں گے، اس عمل میں عوامی رائے کا احترام کیا جائے گا اور اراکین صوبائی اسمبلی کی رائے کو عوامی رائے کا متبادل نہیں سمجھا جائے گا۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت خود کو عقلِ کل نہیں سمجھتی، اگر درست فورم پر مؤقف پیش کیا جائے تو ممکن ہے پیپلز پارٹی قائل ہوجائے یا اپنا مؤقف دوسروں کو سمجھانے میں کامیاب ہو۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کسی معاملے پر اپنی رائے تبدیل کرنے سے پہلے پارٹی اجلاس بلاتی ہے، صوبوں کا اس معاملے پر اپنا مؤقف ہے، تاہم ریفرنڈم آئین کو بائی پاس نہیں کر سکتا۔