دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد سیکشنز بند، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد سیکشنز بند، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار تک، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11، موٹروے ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک اور موٹروے ایم 4 فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک دھند کے باعث بند ہے، اس کے علاوہ فیصل آباد سے عبدالحکیم تک موٹروے ایم 4 کو ہیوی ٹریفک کیلئے بھی بند کیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا فیصلہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور حادثات سے بچاؤ کیلئے کیا گیا ہے، شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں، دھند کے موسم میں محفوظ سفر کیلئے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات موزوں قرار دیے گئے ہیں۔

موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ دوران سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، لین کی پابندی کریں اور غیر ضروری اوور ٹیکنگ یا اچانک بریک لگانے سے گریز کریں تاکہ دھند کے باعث پیش آنے والے ممکنہ حادثات سے بچا جاسکے۔

ترجمان کے مطابق دھند میں سفر کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال ضروری ہے، جبکہ گاڑی کی ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز بھی درست حالت میں ہونے چاہئیں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور موٹرویز کھلنے سے متعلق تازہ معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی سفر شروع کریں۔