لاہور میں سموگ اور دھند کا راج، ایئر کوالٹی انڈیکس 402 تک پہنچ گیا

لاہور میں سموگ اور دھند کا راج، ایئر کوالٹی انڈیکس 402 تک پہنچ گیا

فضائی آلودگی کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں سرگودھا 461 سے زائد اے کیو آئی کے ساتھ پہلے، گوجرانوالہ 441 کے ساتھ دوسرے جبکہ لاہور 402 اے کیو آئی کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے، برکی روڈ 643 اے کیو آئی کے ساتھ سب سے زیادہ آلودہ علاقہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں 559، جیل روڈ پر 475، وحدت روڈ پر 403 اور بیدیاں روڈ پر 386 اے کیو آئی ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 13 اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر میں ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 84 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کا موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ حالیہ دنوں میں بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی، بارش نہ ہونے کے باعث سردی کی شدت اور دھند میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔