کلین کینجھر اینڈ گرین ٹھٹھہ مہم کا آغاز

کلین کینجھر اینڈ گرین ٹھٹھہ مہم کا آغاز

ضلع ٹھٹھہ میں ماحولیاتی بہتری کے لئے "کلین کینجھر اینڈ گرین ٹھٹھہ" مہم کا باقاعدہ آغاز تاریخی قدرتی جھیل کینجھر کے مقام پر پودے لگا کر کیا گیا، اس مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے کیا۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کینجھر جھیل کے مختلف پوائنٹس کا معائنہ کیا، جہاں انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی.

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہم کے تحت ضلع بھر میں ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے، جس کا بنیادی مقصد کینجھر جھیل کو آلودگی سے پاک کرنا اور ٹھٹھہ کو سرسبز و شاداب بنانا ہے۔

سرمد علی بھاگت نے کہا کہ کینجھر جھیل ایک تاریخی اور قدرتی مقام ہے، جس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ نہ صرف کینجھر جھیل اور ضلع ٹھٹھہ بلکہ سندھ اور پورے ملک میں موجود قیمتی اثاثے اور دیگر تاریخی و سیاحتی مقامات جہاں لوگ تفریح کے لیے آتے ہیں، انہیں صاف ستھرا رکھنا اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام تک یہ پیغام پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نئی نسل کو بھی ان مقامات کی اہمیت اور حفاظت کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ محکمہ فاریسٹ کے تعاون سے شجرکاری مہم کو مزید فروغ دیا جائے گا اور لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور ان کی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ماحول کو بہتر اور سرسبز بنایا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے گلی محلوں میں پودے لگا کر اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مہم کے آغاز کے موقع پر متعلقہ افسران اور مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے اس اقدام کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔