نوشہرہ میں غیرت کے نام پر خاتون قتل، ملزم کا لاش دریا برد کرنے کا اعتراف

نوشہرہ میں غیرت کے نام پر خاتون قتل، ملزم کا لاش دریا برد کرنے کا اعتراف

پولیس کے مطابق بیوہ خاتون کو اس کے بھائیوں نے پسند کی شادی کرنے پر نشانہ بنایا، خاتون کو پہلے سنگسار کیا گیا، پھر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

ملزمان پر الزام ہے کہ واردات کے بعد مقتولہ کی لاش کے ٹکڑے کرکے بوری میں بند کیے اور شواہد مٹانے کی غرض سے دریا میں پھینک دیے۔

ڈی ایس پی کے مطابق مقتولہ تسمیہ 29 مئی کو اپنے بھائیوں کے گھر گئی تھی، جس کے بعد وہ لاپتا ہوگئی۔ مقتولہ کے شوہر فضل رحمان کی درخواست پر واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم، مقتولہ کے بڑے بھائی شیرباز خان کو گرفتار کر لیا۔

ڈی ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش اپنی بہن کو قتل کرنے اور لاش دریا میں پھینکنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی باقیات کی تلاش کے لیے ریسکیو، محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ اداروں کی مدد حاصل کی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔