شکارپور کی قومی شاہراہ پر ہولناک حادثہ، 2 نوجوان جاں بحق، ٹینکر ڈرائیور گرفتار

شکارپور کی قومی شاہراہ پر ہولناک حادثہ، 2 نوجوان جاں بحق،  ٹینکر ڈرائیور گرفتار

ریسکیو ذرائع کے مطا بق ضلع شکارپور کے علاقے ہمایوں شریف تھانے کی حدود میں قومی شاہراہ پر کار، آئل ٹینکر اور موٹرسائیکل کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ  حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت عامر کٹو اور میر کٹو کے نام سے ہوئی ہے، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے آئل ٹینکر کو آگ لگانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ حادثے میں ملوث کار کا ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے، واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔