علاقائی
خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) جیل روڈ پر نشے کی حالت میں خاتون کی گاڑی کو ٹکر مارنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق جوڈیشل ونگ میں تعینات اے ایس آئی غافر نوید کے خلاف تھانہ شادمان میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، اہلکار پر تیز رفتاری، غفلت اور نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزامات ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہلکار نے خاتون کی گاڑی کے نقصان کے ازالے کے لیے 5 لاکھ روپے ادا کر دیے، جس کے بعد خاتون اور پولیس اہلکار کے درمیان معاملہ باہمی رضامندی سے طے پا گیا۔
تاہم معاملہ طے پانے کے باوجود اہلکار کے خلاف محکمانہ انکوائری جاری رہے گی، ایس ایس پی آپریشنز لاہور واقعے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کر رہے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ وردی قانون سے بالاتر ہونے کا اختیار نہیں دیتی، قانون کی پاسداری شہریوں اور پولیس اہلکاروں پر یکساں لازم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الزام ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکار کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔