سائنسدانوں کی اہم پیشرفت، اون سے ہڈیوں کا علاج ممکن بنادیا

سائنسدانوں کی اہم پیشرفت، اون سے ہڈیوں کا علاج ممکن بنادیا

تحقیقی رپورٹ کے مطابق سائنس دانوں نے اون سے حاصل کردہ کیراٹن کو جانوروں کے ماڈلز پر آزمایا، جہاں یہ متاثرہ حصوں میں ہڈیوں کی بحالی میں مددگار ثابت ہوا، یہ مواد جنریٹیو میڈیسن اور دانتوں کے علاج کے شعبے میں ایک مضبوط اور مؤثر متبادل بن سکتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ اون سے حاصل کردہ سٹرکچرل پروٹین زندہ جانوروں میں نئی ہڈیوں کی افزائش میں مدد دیتا ہے، تجربات کے دوران بننے والے ہڈیوں کے ٹشو روایتی طریقہ علاج کے مقابلے میں زیادہ صحت مند اور قدرتی ہڈیوں سے مماثلت رکھتے تھے۔

ڈاکٹر شیرف ایلشاروے نے کہا کہ یہ پہلی بار ثابت ہوا ہے کہ اون سے حاصل کردہ مواد کو زندہ جانوروں میں ہڈیوں کے علاج کے لیے کامیابی سے استعمال کیا جاسکتا ہے، یہ تحقیق ایک اہم سنگ میل ہے جو کیراٹن کو مستقبل کے قابل تجدید بائیومیٹیریل کے طور پر متعارف کراتی ہے۔

سائنس دانوں نے اس تحقیق کے ماحولیاتی فوائد پر بھی روشنی ڈالی، اون ایک قدرتی اور قابل تجدید ذریعہ ہے جسے اکثر فارمنگ انڈسٹری میں ضائع کردیا جاتا ہے، تاہم اس سے حاصل ہونے والا کیراٹن بڑے پیمانے پر طبی استعمال کے لیے موزوں ثابت ہوسکتا ہے۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے اون سے حاصل کردہ کیراٹن سے خصوصی جھلیاں تیار کیں جنہیں کیمیائی عمل سے گزار کر مضبوط اور پائیدار بنایا گیا تاکہ وہ ہڈیوں کی نشوونما میں مدد فراہم کرسکیں۔

بعد ازاں ان کیراٹن میمبرینز کو لیبارٹری میں انسانی ہڈیوں کے خلیات پر آزمایا گیا جہاں خلیات نے کامیابی سے افزائش دکھائی اور صحت مند ہڈیوں کی تشکیل کے واضح آثار سامنے آئے۔