فرانس میں سیاح سے ساڑھے 8 کروڑ روپے کی گھڑی چھیننے پر چار ہسپانوی افراد گرفتار

فرانس میں سیاح سے ساڑھے 8 کروڑ روپے کی گھڑی چھیننے پر چار ہسپانوی افراد گرفتار

فرانسیسی حکام کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ ریویرا کے مشہور سیاحتی مقام سینٹ ٹروپے میں پیش آیا جس میں برازیل سے تعلق رکھنے والے سیاح سے گھڑی چھینی گئی جس کی قیمت تین لاکھ ڈالر کے قریب ہے۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ گھڑی کو سیاح کی شکایت کے بعد کارروائی میں برآمد کر لیا گیا اور متعلقہ سیاح کو واپس کر دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق واردات کے بعد ملزم ایک گاڑی میں فرار ہو گئے تھے جن کو بعدازاں سامنے آنے والی شواہد کی بنا پر قریبی قصبے کوگولین سے حراست میں لیا گیا۔

فرانس کے مشہور سیاحتی مقام سینٹ ٹروپے میں ہر سال امیر افراد سیاحت کی غرض سے آتے ہیں جن کو نشانہ بنانے کے لیے جرائم پیشہ افراد بھی اکثر وہاں کا رخ کرتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان میں ایسے غیرملکی بھی شامل ہوتے ہیں جو خود کو سیاح ظاہر کر کے علاقے میں پہنچتے ہیں اور دوسرے سیاحوں کی قیمتی اشیا چوری کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

پولیس کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے اس بار سیزن کے آغاز سے لے کر اب تک سینٹ ٹروپے کے علاقے میں قریباً 15 قیمتی گھڑیاں چوری ہونے کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔