کھیلوں کو گراس روٹ لیول سے بلند کرنے کیلئے انقلابی تبدیلیاں لائیں گے: ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

Published On 29 April,2021 05:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں کھیلوں میں انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں گی تاکہ کھیلوں کو گراس روٹ سطح سے بلند کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں بچھائی گئی مصنوعی ہاکی ٹرف کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں کھیلوں کے تمام کورٹس اور میدانوں کو اپ گریڈ اور بہتر بنایا گیا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کو ملک میں جاری کورونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر کے باعث تمام کھیلوں کی سرگرمیوں کو بند کرنا پڑا ہے۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہم نے اس موقع پرایک میچ منعقد کروانے کا منصوبہ بھی بنایا تھا جس کو ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے منسوخ کرنا پڑا، ملک میں جاری کورونا وائرس کی صورتحال کی وجہ سے ہم نے ٹیموں کو کھیلنے کے لئے بھی نہیں بلایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاکی قومی سپورٹس پالیسی کا ایک حصہ ہے اور نچلی سطح پر لڑکوں اور لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ فیڈریشن کو بھی ہاکی کے کھیل کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لئے سکولوں، کالجوں اور ضلعی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہونے چاہیں۔ علاقائی تنظیموں اور تمام سٹیک ہولڈرز کو قومی کھیل کی ترقی کے لئے آگے آنا چاہیے تاکہ ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکے اور ایک بار پھر ملک کے لئے اعزاز حاصل کیا جا سکے۔

 

Advertisement