رافیل نڈال نے دسویں مرتبہ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

Published On 17 May,2021 09:28 pm

روم: (دنیا نیوز) شہرہ آفاق ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال نے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔

رافیل نڈال نے مینز سنگلز فائنل میچ میں عالمی نمبر ایک اور سربین دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ کو ہرا کر سب سے زیادہ دسویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔

اٹالین اوپن کے دلچسپ مقابلے فورو اٹالیکو سپورٹس کمپلیکس، روم میں جاری تھے جس کے مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں عالمی نمبر ایک سربیا کے نوویک جوکووچ کا مقابلہ ہسپانوی ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال سے تھا۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا رافیل نڈال کی فتح کا سکور 5-7، 6-1 اور 3-6 تھا۔

اس سے قبل ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں عالمی نمبر دو سپین کے 34 سالہ رافیل نڈال نے امریکا کے ریلی اوپیلکا کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

واضح رہے کہ رافیل نڈال کو سب سے زیادہ 10 بار اٹالین اوپن ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

34 سالہ نڈال نے کہا ہے کہ ا ب وہ رواں ماہ 30 مئی کو فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دفاع کے لئے فرانس میں میدان میں اتریں گے۔

رافیل نڈال نے کہا ہے کہ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں کامیابی کا فائدہ ان کو فرنچ اوپن ٹینس میں ضرور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں۔
 

Advertisement