برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے کا یو ایس اوپن ٹینس مینز سنگلز میں سفر تمام

Published On 01 September,2023 02:20 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) انگلینڈ کے نامور ٹینس سٹار 3 گرینڈ سلام کے چیمپئن اور سابق عالمی نمبر ایک اینڈی مرے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے ہوگئے۔

یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں، برطانوی ٹینس کھلاڑی کیمرون نوری، ڈین ایونز اورجیک ڈریپر تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔

جمعہ کو میگا ایونٹ میں مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں بلغاریہ کے گریگور دیمتروف نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے برطانوی نامور ٹینس سٹار اینڈی مرے کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6، 4-6 اور 1-6 سے ہرا کر میگا ایونٹ سے باہر کر دیا۔

انگلینڈ کے کیمرون نوری نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چائنیز تائپے کے حریف کھلاڑی ہسویوہسیو کو سٹریٹ سیٹس میں 5-7، 4-6اور 4-6 سے مات دی۔

برطانیہ کے ہی ڈین ایونز نے نیدرلینڈز کے حریف کھلاڑی بوٹک وین ڈی زنڈشلپ کو 6-1، 1-6، 3-6 اور 3-6 سے پچھاڑ دیا اور انگلینڈ کے ہی جیک ڈریپر نےعمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف پاؤلش کھلاڑی ہوبارٹ ہرکاز کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6، 4-6 اور 5-7 سے اپ سیٹ شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی بھی کر لیا۔