فٹبال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی :کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کی حمایت کردی

Published On 02 April,2024 12:13 pm

ریاض : (ویب ڈیسک ) پرتگال کے شہرہ آفاق فٹ بال سٹار اور سعودی کلب النصر کے معروف کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب میں فٹبال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کی حمایت کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 39 سالہ بین الاقوامی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانورونالڈو نے اپنے آفیشل ایکس اکاونٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کےلیے سعودی عرب کی مہم کی حمایت کی۔

انہوں نے لکھا مجھے ایسی قوم کے خوابوں کو سپورٹ کرنے پر فخر ہے جو فٹبال ورلڈ کپ 2034 سعودی عرب میں لانے کی امید رکھتی ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کا ارادہ ظاہر کیا ہے ، 2018 سے مملکت نے سپورٹس کے فروغ پرخصوصی توجہ دی ہے اور اب تک 50 سے زائد انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دیے ہیں ،جن میں فٹبال، گالف، ڈیجیٹل سپورٹس، ٹینس، گھڑ سواری و دیگر سپورٹس ایونٹ شامل ہیں جن کی عالمی سطح پرسعودی عرب میزبانی کر چکا ہے۔

واضح رہے  سعودی عرب نے 2023 میں کلبز ورلڈ کپ کی بھی میزبانی کی ہے جبکہ سال 2027 میں ایشین کپ کے فائنلز کی بھی میزبانی کرے گا۔
 

Advertisement