چیمپئنز لیگ : ریال میڈرڈ نے 15ویں مرتبہ ٹائٹل جیت لیا

Published On 02 June,2024 08:41 am

لندن : (ویب ڈیسک ) ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ نے 15ویں مرتبہ چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

لندن کے سٹیڈیم میں کھیلے گئے یوئیفا چیمپئنز لیگ کے فائنل میں ریال میڈرڈ نے بورشیا دورٹمنڈ کو دو گول سے شکست دی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ہاف میں مقابلہ برابر رہا، پہلے ہاف میں بورشیا دورٹمنڈ نے ریال کو دفاعی کھیل کھیلنے پر مجبور کیے رکھا۔

ریال میڈرڈ کے کھلاڑی دانی کارواہال نے 74 ویں منٹ میں اور ونیکیئس جونیئر نے 83 ویں منٹ میں گول سکور کرکے ریال میڈرڈ کو کامیابی دلوائی۔

واضح رہے کہ ریال میڈرڈ نے اپنے آخری 9 یورپی کپ فائنل میں فتح حاصل کی جبکہ پچھلے 11 یوئیفا چیمپئنز لیگ سیزن میں سے 6 بار ٹائٹل اپنے نام کیے۔