شالکے: (دنیا نیوز) یورو کپ فٹ بال میں گروپ ایف کے آخری میچ میں جارجیا نے پرتگال کو شکست دے دی۔
جارجیا نے پرتگال کو دو صفر سے مات دی، ناکامی کے باوجود پرتگال کی گروپ میں پہلی پوزیشن پر فرق نہیں پڑا، اسی گروپ کے ایک اور میچ میں ترکیہ نے چیکیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرادیا۔
شالکے میں کھیلے گئے میچ میں جارجیا نے پرتگال کے خلاف دوسرے منٹ میں ہی گول کر کے سنسنی پھیلا دی، یہ گول ان کی جانب سے کیویچا نے سکور کیا جس کے بعد پرتگال نے حریف ٹیم پر حملوں کی تعداد بڑھائی مگر اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔
وقفے تک مقابلہ ایک صفر رہا، دوسرے ہاف میں جارجیا کی ٹیم ایک اور گول کرنے میں کامیاب رہی، جب ان کو ملنے والی پنالٹی کک پر جارجز میکاؤ ٹازے نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچا دی، مقابلہ دو صفر سے جارجیا کی جیت پر ختم ہوا مگر ناکامی کے باوجود پرتگال کی اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن قائم ہے۔
دوسرا میچ
ہیمبرگ میں کھیلے گئے میچ میں ترکیہ نے چیکیا کو ایک کےمقابلے میں دو گول سے مات دی، مقابلے کے تمام گول دوسرے ہاف میں بنے۔
ترکیہ کی جانب سے گول ہکان نے بنایا جسے چیکیا کے ٹوماس نے 66 ویں منٹ میں برابر کیا، ترکیہ کا وننگ گول انجری ٹائم کے آخری لمحات میں سینک ٹوسن نے سکور کیا۔
میچ ختم ہونے کے بعد ترکیہ اور چیکیا کے کھلاڑیوں میں گرما گرمی ہوئی جس کی وجہ سے ریفری نے چیکیا کے ٹوماس چورے کو ریڈ کارڈ بھی دکھایا۔