لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوا زنےکھیلتا پنجاب گیمز 2024 اور2025 انٹر ڈویژن سپورٹس مقابلوں کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
کھیلتا پنجاب گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج آپ سب کو دیکھ کر بہت اچھا لگا، میں کھیلتا، پڑھتا، ترقی کرتا ،آگے بڑھتا ہوا پنجاب دیکھنا چاہتی تھی، ایک کونے سے لیکر دوسرے کونے تک پنجاب چیمپئنز سے بھرا پڑا ہے، گزشتہ کئی سال سے میدان ویران پڑے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں نے والدین ،پنجاب اور پاکستان کا نام روش کیا ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ہے، صوبائی وزیر کھیل بہت اچھا بچا ہے،بہت محنت کرتا ہے، وزیرکھیل فیصل ایوب کھوکھر کو کہا ہےجتنا بجٹ کہوگے دوں گی، کھیل کیلئے 2 ارب کے بجائے 5ارب کا بجٹ بھی چاہیے تو کمی نہیں آنے دوں گی، مریم نواز پنجاب کے پیسے ان بچوں کیلئے حاضر ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلے ہیں، پورے پنجاب سے ایک لاکھ20ہزار بچے کھیلتا پنجاب گیمز کیلئے رجسٹرڈ ہوئے،ہمارے پاس اعصام الحق اور ارشد ندیم جیسی مثالیں ہیں، تھوڑا سا ماحول دیا جائے تو یہ مٹی بڑی ذرخیز ہے، پاکستان کی 65فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں موجود بیٹیاں اور بیٹے جیت کر آئے ہیں، نوجوان ملک کا جھنڈا گرنے نہیں دیں گے، پنجاب میں پہلی بار انٹرکلب مقابلے بڑے لیول پر ہوئے، پنجاب میں 15ہزار کلبز بنے ہیں، پنجاب کے 30 ہزار بچوں کو میرٹ پر سکالر شپس ملے ہیں، یہاں موجودسب بچے بھی میرٹ پر آئے ہیں، کسی بچے کو یہاں سفارش پر نہیں لایا گیا۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ بچوں کو کہنا چاہتی ہوں آپ محنت کرتے جائیں آگے بڑھتے جائیں، اللہ کے بعد تمام بچوں کی ذمہ داری میری ہے، چاہتی ہوں انٹرنیشنل کوچز بلاکر آپکی ٹریننگ کرائیں، آپ کے گلوں میں انٹرنیشنل میڈلز دیکھنا چاہتی ہوں، ہر محکمے میں پیڈ انٹرشپ شروع کی ہے، ماہانہ 60ہزار روپے انٹرشپ میں دیئے جارہے ہیں۔