بنگلہ دیشی ہمارے بھائی، بدقسمتی سے وہ ایونٹ میں شریک نہیں ہو رہے: سلمان آغا

بنگلہ دیشی ہمارے بھائی، بدقسمتی سے وہ ایونٹ میں شریک نہیں ہو رہے: سلمان آغا

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے آغاز سے قبل کولمبو میں کپتانوں کی پریس کانفرنس میں سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ سے متعلق فیصلہ حکومت نے کرنا ہے اور ہم حکومت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، بھارت کے ساتھ میچ ہوگا یا نہیں اس کا اندازہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو حکومت کہے گی اس کے مطابق ہی چلیں گے تاہم بنگلہ دیش ٹیم کا ورلڈکپ میں نہ ہونا افسوس ناک ہے، بطور کپتان یہ میرا پہلا ورلڈکپ ہے جس کیلئے بہت پرجوش ہوں اور امید ہے میری کپتانی میں ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی۔

قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ہم ایشیا کپ کے بعد سے اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں، پچھلے 6 ماہ سےاچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، اس مرتبہ ٹیم اچھا کھیل رہی ہے، امید ہے اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور امید ہے باقی ٹیموں کے خلاف اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ سری لنکا میرے دوسرے گھر کی طرح ہے اور لوگ بہت اچھےاخلاق والے ہیں، یہاں آ کر ہمیشہ اچھا محسوس کیا ہے۔