کھیل
خلاصہ
- دبئی: (دنیا نیوز) برطانوی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈ کپ سمیت مختلف عالمی ایونٹس کے فارمیٹ میں اہم تبدیلیوں پر غور کر رہی ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ون ڈے ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد 14 سے کم کر کے 12 کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ ورلڈ کپ 2027 میں سپر سیون مرحلہ متعارف کرائے جانے کا بھی امکان ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ مجوزہ فارمیٹ کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ میں زیادہ میچز دیکھنے کو مل سکتے ہیں، جس سے ٹورنامنٹ کی تجارتی اور شائقین کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پہلی بار سیمی فائنلز شامل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کو سپر 10 میں تبدیل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آئی سی سی مستقبل میں ایک کلب ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ متعارف کرانے کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے، تاہم ان تمام تجاویز پر ابھی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔