فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل آج، اسلام آباد، لاہور، کراچی میں بڑی سکرینوں پر دکھایا جائے گا

فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل آج، اسلام آباد، لاہور، کراچی میں بڑی سکرینوں پر دکھایا جائے گا

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے نے فائنل میچ براہ راست دکھانے کے لیے ڈی چوک پر 15 فٹ بلند اور 98 فٹ چوڑی بڑی سکرین نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انتظامیہ کے مطابق 600 سے زائد فیملیز میچ براہ راست دیکھ سکیں گی۔

فائنل پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا۔ میچ کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے تحت چائنہ چوک سے ایکسپریس چوک تک ٹریفک مکمل طور پر بند رہے گی۔

شہریوں کو نائنتھ ایونیو، ناظم الدین روڈ اور فضل حق روڈ متبادل راستوں کے طور پر استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر جبکہ سپین نے فرانس کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی، فٹبال ماہرین کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے، جو ضرورت پڑنے پر اضافی وقت یا پنالٹی شوٹ آؤٹ تک بھی جا سکتا ہے۔

فاتح ٹیم عالمی فٹبال کا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کرے گی جبکہ ایک ماہ سے زائد عرصے پر محیط ورلڈ کپ 2026 کا بھی آج اختتام ہو جائے گا۔

لاہور میں بھی فیفا ورلڈ کپ فائنل بڑی سکرین پر دکھانے کی تیاریاں مکمل

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے موقع پر حکومت پنجاب نے فٹبال شائقین کے لیے لبرٹی گول چکر پر بڑی سکرین نصب کر دی ہے، جہاں آج رات ارجنٹینا اور سپین کے درمیان ہونے والا فائنل میچ براہ راست دکھایا جائے گا۔

انتظامیہ کے مطابق لبرٹی گول چکر پر 10 فٹ بلند اور 30 فٹ چوڑی ایل ای ڈی سکرین نصب کی گئی ہے جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے شائقین کو خوش آمدید کہنے کے لیے خصوصی فلیکس بھی آویزاں کیا گیا ہے۔

فائنل دیکھنے والے شائقین کی سہولت کے لیے مقام پر اے سی، صوفے اور وی آئی پی مہمانوں کے لیے خصوصی نشستوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ارجنٹینا اور سپین کے درمیان فائنل میچ آج رات پاکستانی وقت کے مطابق 12 بجے نیو جرسی میں کھیلا جائے گا جبکہ میچ شروع ہونے سے 20 منٹ قبل لبرٹی گول چکر کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا۔

شہر قائد میں فیفا ورلڈ کپ فائنل بڑی سکرینوں پر دکھایا جائے گا

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے موقع پر شہر قائد میں فٹبال شائقین کے لیے مختلف مقامات پر بڑی سکرینوں پر میچ دکھانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

کراچی کے علاقے لیاری میں فٹبال کے دلدادہ شائقین ککری گراؤنڈ اور لیاری انٹرنیشنل فٹبال سٹیڈیم میں بڑی سکرین پر ارجنٹینا اور سپین کے درمیان ہونے والا فائنل میچ دیکھ سکیں گے۔

اس کے علاوہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اسپورٹس کمپلیکس میں بھی فیملیز کے لیے بڑی سکرین پر میچ دکھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں بھی فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا فائنل براہ راست نشر کیا جائے گا، جہاں شائقین اس تاریخی مقابلے سے لطف اندوز ہوں گے۔