نیشنل چیمپئنز کپ ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے اہم ثابت ہوگا: مائیک ہیسن

نیشنل چیمپئنز کپ ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے اہم ثابت ہوگا: مائیک ہیسن

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کے روز نیشنل چیمپیئنز کپ کی ٹیموں اور شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ 50 اوورز پر مشتمل لسٹ اے ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

7 میچوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ پاکستان کے 2026-27 ڈومیسٹک سیزن کا آغاز ہوگا جبکہ تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوں گے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلیوز اور پاکستان گولڈ کی 4 ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ لیگ مرحلے کے اختتام پر سرفہرست دو ٹیمیں 18 اگست کو فائنل کھیلیں گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پی سی بی نے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد 2027 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے تاکہ قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سیزن سے قبل معیاری اور مسابقتی میچز کھیلنے کا موقع مل سکے۔

قومی وائٹ بال کوچ نے پاکستان ٹیم کی بڑی آئی سی سی ٹورنامنٹس میں کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پاکستان نے عالمی مقابلوں میں عمدہ کھیل پیش کیا ہے اور انہیں امید ہے کہ ٹیم 2027 ورلڈ کپ میں بھی مضبوط مہم چلائے گی۔