خلاصہ
- پورٹ آف سپین : (دنیا نیوز) پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کپتان روسٹن چیس کی ذمہ دارانہ نصف سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 344 رنز بنالیے ہیں اور اس کے تمام کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔
پورٹ آف سپین میں جاری میچ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز نے 239 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی۔
جسٹن گریوز اور کپتان روسٹن چیس نے گزشتہ روز کی شراکت کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید 30 رنز کا اضافہ کیا، تاہم دن کے 9ویں اوور میں علی عثمان نے جسٹن گریوز کو آؤٹ کر کے یہ اہم شراکت ختم کردی، جسٹن گریوز نے 150 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے شامل تھے۔
گریوز کے آؤٹ ہونے کے بعد روسٹن چیس نے کیمار روچ کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 35 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم 95ویں اوور میں عبید شاہ نے انہیں بولڈ کر دیا۔ روسٹن چیس نے 126 گیندوں پر 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے شامل تھے۔
کیمار روچ نے 19 رنز بنائے، جبکہ شمر جوزف 8 رنز بنا کر ساجد خان کا شکار بنے۔ دونوں کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے سے ویسٹ انڈیز کا اسکور 326 رنز پر 9 وکٹیں ہوگیا۔
آخری وکٹ پر جےڈن سیلز اور جومیل واریکن نے 18 رنز کا اضافہ کیا، جس کے بعد ساجد خان نے 105ویں اوور میں جےڈن سیلز کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 344 رنز پر سمیٹ دی۔ جومیل واریکن 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان سب سے کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے 32.4 اوورز میں 85 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد علی، علی عثمان اور عبید شاہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔