خلاصہ
- حیدرآباد: (ویب ڈیسک): تاریخی نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کو 20 سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
حیدرآباد میں واقع تاریخی نیاز اسٹڈیم کو 20 سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے میونسپل کارپوریشن اور پی سی بی میں معاہدہ طے پا گیا ہے۔
نیاز سٹیڈیم کا انتظام پی سی بی کے حوالے کرنے سے متعلق ایم او یو پر دستخط کی تقریب ہوئی، جس میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیر احمد سید اور میئر حیدرآباد کاشف شورو نے شرکت کی۔
اس موقع پر سی ای او سمیر احمد سید نے کہا کہ نیاز اسٹیڈیم آئندہ 20 سال تک پی سی بی کے پاس رہے گا، معاہدے کے تحت اسٹیڈیم کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق جدید بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم کی گنجائش بڑھائی جائے گی اور تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے ریجنل کرکٹ اکیڈمی کو فعال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کو کئی اعزازات حاصل ہیں۔ لیجنڈری جاوید میاں داد نے 288 رنز کی نا قابل شکست اننگ اسی میدان میں کھیلی تھی ۔
اس کے علاوہ برصغیر میں منعقد ہونے والے پہلے آئی سی سی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ (پاکستان، سری لنکا) کی میزبانی کا اعزاز بھی نیاز اسٹیڈیم کو حاصل ہے۔