خلاصہ
- دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں 22 نومبر کو منعقد ہونے والے دبئی رن 2026 کیلئے روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے شرکا کی سہولت کیلئے تقریباً 15 ہزار پارکنگ مقامات کی دستیابی کا اعلان کردیا۔
دبئی فٹنس چیلنج کے تحت ہونے والی اس بڑی عوامی سرگرمی میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے، جس کیلئے شیخ زاید روڈ کو خصوصی رننگ ٹریک میں تبدیل کیا جائے گا۔
حکام نے گاڑیوں پر آنے والے شرکا کو مقررہ پارکنگ مقامات استعمال کرنے اور دوڑ کے آغاز کے مقام تک پہنچنے کیلئے دبئی میٹرو سے استفادہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دبئی رن کیلئے تین اہم مقامات دبئی مال، دبئی مال زعبیل اور دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں مجموعی طور پر تقریباً 15 ہزار پارکنگ مقامات دستیاب ہوں گے، پانچ کلومیٹر کی دوڑ میں حصہ لینے والوں کو دبئی مال جبکہ 10 کلومیٹر کے شرکا کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی پارکنگ استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
دونوں روٹس کا آغاز شیخ زاید روڈ پر میوزیم آف دی فیوچر کے قریب ہوگا، پانچ کلومیٹر کا روٹ دبئی مال کے قریب جبکہ 10 کلومیٹر کا روٹ دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کے گیٹ کے قریب اختتام پذیر ہوگا۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے شرکا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں مقررہ مقامات پر پارک کرنے کے بعد دبئی میٹرو کے ذریعے دوڑ کے آغاز کے مقام تک پہنچیں۔
شرکا کو نول کارڈ میں کم از کم 15 درہم بیلنس رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ سفر کے دوران ٹکٹنگ کی قطاروں اور غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے، ان انتظامات کا مقصد شرکا کی آمدورفت کو سہل بنانا اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کے دباؤ کو منظم رکھنا ہے۔
دبئی رن کو دبئی فٹنس چیلنج کی نمایاں سرگرمیوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں مختلف عمر کے افراد دوڑنے، جاگنگ کرنے اور پیدل چلنے کیلئے شریک ہوتے ہیں، گزشتہ سال 2025ء میں دبئی رن کے ساتویں ایڈیشن میں تقریباً 3 لاکھ 7 ہزار افراد نے حصہ لیا تھا۔
رواں سال بھی 22 نومبر کو بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے، اس سرگرمی کا بنیادی مقصد شہریوں اور رہائشیوں میں جسمانی سرگرمیوں، صحت مند طرزِ زندگی اور اجتماعی کھیلوں کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔