سمارٹ فون میں کون سی 5 موبائل ایپس لازمی رکھنی چاہیں؟

سمارٹ فون میں کون سی 5 موبائل ایپس لازمی رکھنی چاہیں؟

لاہور: (ویب ڈیسک) سمارٹ فون آج کے دور کی اہم ضرورت بن گیا ہے۔ کیا بچہ، کیا نوجوان سب کے ہاتھ میں سمارٹ فون نظر آتا ہے۔ سمارٹ فون صرف کالز یا پیغامات بھیجنے کے کام نہیں آتا بلکہ یہ بہت سے دوسرے کاموں کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے، جیسے کہ تصاویر اور ویڈیوز بنانا، آواز کی ریکارڈنگ کرنا اور نقشے کے ذریعے راستہ دیکھنا۔

ہم اپنے سمارٹ فون پر مختلف قسم کی موبائل ایپلیکیشنز بھی ڈائون لوڈ کرتے ہیں جو کہ مختلف کاموں میں ہماری مدد کرتی ہیں۔ اس آرٹیکل میں ہم ان 5 موبائل ایپس کا ذکر کریں گے، جو آپ کے سمارٹ فون میں لازمی ہونی چاہیں۔

کیلوری کاؤنٹر۔ مائی فٹنس پال

کیلوری کاؤنٹر۔ مائی فٹنس پال نامی اس ایپ کے ذریعے آپ روزانہ اپنی استعمال کردہ کیلوریز کا ریکارڈ دیکھ سکتے ہیں۔ یہ ایپ آپ کو اپنی صحت بہتر بنانے یا برقرار رکھنے میں بہت مدد دیتی ہے۔ آپ اس میں مختلف صحت مند اور مزیدار کھانوں کی ترکیبیں پڑھ سکتے ہیں۔ یہ ایپ آپ کو آپ کی ورزش اور چہل قدمی کا ریکارڈ بھی بتاتی ہے۔

بینکنگ ایپس

گوگل سٹور پر تقریباً ہر بینک کی موبائل ایپ موجود ہے۔ آپ اپنے سمارٹ فون میں اپنے بینک کی ایپ آسانی سے ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس ایپ سے آپ اپنے بینک اکاؤنٹ کو اپنے سمارٹ فون پر چلا سکتے ہیں۔ کسی کو پیسے بھیجنے ہوں یا بجلی کا بل ادا کرنا ہو، اکاؤنٹ میں بقیہ رقم دیکھنی ہو یا آن لائن خریداری کے لئے رقم ادا کرنی ہو، یہ سب کام اس موبائل ایپ سے آسان بن جاتے ہیں۔

ٹیکسی ایپس

اگر آپ کے پاس اپنی گاڑی یا موٹر سائیکل موجود نہیں ہے اور آپ پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرتے ہیں تو ٹیکسی آپ کے لئے بہترین سواری ہے۔ اب تو پاکستان میں کئی بین الاقوامی کمپنیوں کی بھی ٹیکسیاں چل رہی ہیں۔ اگر آپ نے یہ ٹیکسی منگوانی ہو تو ان کمپنیوں کی موبائل ایپ گوگل پلے سٹور سے ڈائون لوڈ کریں۔ ایسی ایپس کو استعمال کرنا بہت ہی آسان ہے۔ آپ کے موبائل میں موجود جی پی ایس ٹریکر کے ذریعے یہ آپ کی لوکیشن ڈھونڈ لیتی ہیں۔ آپ نے جہاں جانا ہو بس وہاں کا پتہ لکھیں اور ٹیکسی آرڈر کر دیں۔ مشہور ترین ٹیکسی ایپس میں اوبر، کریم اور اے ٹیکسی شامل ہیں۔

فوڈ پانڈا

فوڈ پانڈا کی موبائل ایپ کے ذریعے آپ گھر بیٹھے اپنے پسندیدہ ریستوران سے کھانا منگوا سکتے ہیں۔ فوڈ پانڈا نے مختلف ریستورانوں سے معاہدہ کیا ہوا ہے جس کی رو سے فوڈ پانڈا ان ریستورانوں سے کھانا آپ تک پہنچا سکتا ہے۔ اس معاہدے کی بدولت فوڈ پانڈا کی یہ موبائل ایپ آپ کو ریستورانوں کی ایک وسیع فہرست فراہم کرتی ہے جس میں سے آپ اپنا پسندیدہ ریستوران چن کر اس سے کھانا منگوا سکتے ہیں۔ اگلے مرحلے میں آپ آن لائن کھانے کی رقم ادا کرتے ہیں اور تقریباَ ایک گھنٹے میں آپ کا کھانا آپ تک پہنچ جاتا ہے۔

ہوم ریمیڈیز پلس

بطور پاکستانی ہم گھریلو ٹوٹکے بہت پسند کرتے ہیں۔ اس کے لئے آپ ہوم ریمیڈیز پلس نامی ایپ اپنے موبائل میں ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس ایپ میں ہر درد اور بیماری کے لئے ٹوٹکے موجود ہیں۔ اب چاہے وہ سر درد کا ٹوٹکا ہو یا الرجی کا، بس ایپ کھولیں اور ٹوٹکا جانیں۔