وفاقی حکومت نے اضافی سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے انتظامات مکمل کرلیے

Published On 04 September,2021 05:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے اضافی سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے انتظامات مکمل کرلیے،1800 اور 2100 میگا ہرٹز کے سپیکٹرم کی نیلامی 16 ستمبر کو ہو گی۔ فری لانسرزکے مسائل کے تدارک کیلئے فری لانسرز پالیسی کا مسودہ بنا لیا گیا۔

وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق نے کہا ہے کہ 1800 اور 2100 میگا ہرٹز کے سپیکٹرم کی نیلامی 16 ستمبر کو ہوگی، سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے کمپنیوں کو درپیش مسائل دور کردیئے، بڑی کمپنیوں نے نیلامی میں بھرپور حصہ لینے کی یقین دہانی کرا دی۔

انہوں نے کہاکہ کمپنیوں سے کہہ دیا بجلی جانے کی صورت میں موبائل فون سروس متاثر نہ ہو اگر موبائل سروس متاثر ہوئی تو کمپنیوں کو نوٹس جاری کریں گے۔

وزیرآئی ٹی امین الحق نے بتایا کہ فری لانسرز معاشی استحکام اور زرمبادلہ کمانے میں بنیادی کردارادا کر سکتے ہیں، فری لانسرزکے مسائل کے تدارک کیلئے فری لانسرز پالیسی کا مسودہ بنا لیا گیا ہے، اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کررہے ہیں۔ فری لانسرز نے گذشتہ سال 39 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کی برآمدی ترسیلات حاصل کیں، آئندہ 3 برسوں میں فری لانسرز کیلئے ایکسپورٹ ہدف 3 ارب ڈالرز رکھا ہے، مجموعی طور پر آئی ٹی کے شعبے برآمدات سےگذشتہ برس 2 ارب 10کروڑڈالرز سے زائد کی ریکارڈ ترسیلات حاصل کیں۔

سید امین الحق نے کہاکہ این ٹی سی میں ہوسٹ تمام ویب سائٹس کا ڈیٹا محفوظ ہے، پرائیویٹ ڈیٹا سینٹر پر ہوسٹ اداروں کا ڈیٹا محفوظ ہے۔ فروری میں تمام اداروں کو این ٹی سی کا ڈیٹا سینٹر استعال کرنے کیلئے آگاہ کرچکے۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بتایا کہ ان کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان نے موبائل ڈیٹا پر ٹیکس ختم کیا، پانچ منٹ سے زائد کال پر بھی ٹیکس ختم کرائیں گے۔

وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے ٹک ٹاک پر پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کسی پابندی کے خلاف ہیں جس سے ترقی کا عمل رکے، سرکاری ملازمین کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم بیپ چند ہفتوں میں لانچ کریں گے۔

Advertisement