ٹویٹر پر پیسہ کمانے کا نیا دلچسپ فیچر سوپر فالووز

Published On 05 September,2021 05:55 pm

سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر نے ایک دلچسپ فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے مشہور شخصیات پیسے کما سکیں گی۔

ٹویٹر کی جانب سے یہ فیچر مشہور شخصیات کے لیے پیسہ کمانے کا ایک نیا طریقہ ہے۔ سوپر فالوز فیچر کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اب مواد تخلیق کرنے والے صارفین اپنے خصوصی مواد تک رسائی کے لیے سبسکرائبرز سے رقم وصول کر سکتے ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے وائس آف امریکا کے مطابق اس فیچر کے تحت مشہور شخصیات صارفین کو خصوصی مواد کی پیش کش کریں گے اور اس مواد تک رسائی کے بدلے سبسکرائبر کو تین سے لے کر 10 ڈالرز تک کی ماہانہ فیس ادا کرنی ہوگی۔

ٹویٹر  سوپر فالو  فیچر کی آزمائش کر رہا تھا اور یہ فیچر شمالی امریکہ کے مواد تخلیق کرنے والے ایک محدود گروپ کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

تاہم یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں عالمی سطح پر آئی او ایس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہو گا۔

یہ فیچر گوگل کے اینڈرائیڈ سافٹ ویئر والے اسمارٹ فونز اور بذریعہ براوزر ٹوئٹر کی ویب سائٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے وہ مواد تخلیق کرنے والے صارفین سے سبسکربشن کی مد میں آنے والی رقم سے تین فی صد تک ٹرانزکشن فیس وصول کریں گے لیکن جب تخلیق کار سبسکرپشن کے ذریعے 50 ہزار ڈالر تک کمائیں گے تو انہیں ٹوئٹر کو تین کے بجائے 20 فی صد تک ٹرانزکشن فیس ادا کرنی ہو گی۔

دوسری جانب تخلیق کاروں کو سبسکرپشن کی مد میں آنے والی رقم کا 30 فی صد حصہ ایپ اسٹور کی فیس کی مد میں ادا کرنا ہو گا۔

ٹویٹر کے پروڈکٹ مینیجر ایسٹر کرافورڈ نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ "سوپر فالوز کے ساتھ، لوگ پیسے کمانے کے ساتھ اپنے سب سے زیادہ متحرک فالوورز سے مستند طریقے سے رابطے کے لیے اضافی گفتگو کے طریقے کو بھی استعمال کرسکتے ہیں۔"

ان کا کہنا ہے کہ  سوپر فالور  ان تمام تر افراد کے لیے ہے جو عوام سے رابطہ رکھنے کے لیے اپنے منفرد نقطہٴ نظر اور شخصیات کو ٹوئٹر پر سامنے لاتے ہیں۔

ایسٹر کرافورڈ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان شخصیات میں سرگرم کارکن، صحافی، موسیقار، مصنف، گیمرز، بیوٹی ایکسپرٹ، کامیڈین اور دیگر شامل ہیں۔

 

Advertisement