واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ناسا کے خلابازوں نے عالمی خلائی سٹیشن کے باہر مرمتی کام کے دوران غلطی سے اپنا ٹول بیگ گرا دیا جسے خلا میں تیرتے ہوئے زمین سے دیکھا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خلا باز جاسمین مگبیلی اور لورل اوہارا ISS کے باہر 6 گھنٹے اور 42 منٹ تک مرمتی کام میں مصروف تھے جب ان کے ہاتھ سے ٹول بیگ خلا میں چھوٹ گیا اور اب زمین کے گرد چکر لگا رہا ہے۔
خلائی سٹیشن میں جاپانی خلاباز سوتوشی فروکاوا نے ٹول بیگ کے خلا میں تیرتے ہوئے منظر کو کیمرے میں قید کر لیا۔
ناسا نے کہا کہ بیگ کے چھوٹنے سے عملے کو سٹیشن میں واپسی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں آیا۔
مشن کنٹرول نے بیگ کی رفتار کا تجزیہ کیا اور اس بات کا تعین کیا ہے کہ اوزاروں سے بھرے بیگ کا سٹیشن سے ٹکرانے کا خطرہ کم ہے جبکہ عملہ اور خلائی سٹیشن محفوظ ہیں۔
مزید برآں بیگ کی خلائی آلودگی کے طور پر درجہ بندی کی گئی ہے اور توقع ہے کہ آنے والے مہینوں میں یہ زمین کے مدار میں داخل ہو جائے گا تاہم اس بات کا قوی امکان ہے کہ داخل ہوتے ہی یہ جل جائے گا۔