روئی کے گالوں جیسا نرم و ملائم نیا سیارہ دریافت

Published On 15 May,2024 01:13 pm

نیویارک :(دنیانیوز) ماہرین فلکیات نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک نیا سیارہ دریافت کیاجو بالکل روئی کے گالوں جیسا نرم و ملائم اور ہلکا پھلکا ہے۔

ممکن ہے کہ آپ یہ سوچیں کہ بھلا یہ کیسے ممکن ہے کہ کوئی سیارہ روئی کے گالے کی طرح ہلکا ہو، کیونکہ سیارے تو عموماً مٹی، پتھر اور دوسرے بھاری اجزا سے بنے ہوتے ہیں,زیادہ تر سیارے ٹھوس اجسام سے ہی بنے ہیں، لیکن ضروری نہیں کہ وہ مکمل طور پر ٹھوس ہی ہوں، وہ گیسوں کا مجموعہ بھی ہو سکتے ہیں۔

اصل میں سیارہ آسمان پر گردش کرنے والے ایسے اجسام کو کہا جاتا ہے جو عموماً اپنے شمسی نظام کے گرد چکر لگاتے رہتے ہیں، چاہے وہ کسی ٹھوس چیز سے بنے ہوں یا پھر ان میں صرف گیسیں ہی بھری ہوئی ہوں۔

ماہرین فلکیات کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے، جس کی قیادت امریکہ کے ایک معروف تعلیمی ادارے میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ڈاکٹر خالد البکراوی نے کی، انہوں نے بتایا ہے کہ اس سیارے کی کثافت انتہائی کم ہے اور وہ ہلکی گیسوں سے بنا ہے، جب کہ ہمارے نظام شمسی کے گیسوں سے بنے سیاروں، مشتری، زحل، یورنیس اور نیپچوں اس کی نسنت کثیف ہیں۔

واضح رہے دریافت ہونے والا سیارہ ہائیڈروجن اور ہیلیم سے بنا ہوا ہے، وہ زمین سے 1200 نوری سال کے فاصلے پر ہے، اس سیارے کا مطالعہ کائنات کی تشکیل اور سیاروں کے ارتقا کو سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے۔