انسٹا گرام کا نیا فیچر صارفین کو مشکل میں ڈال دے گا

Published On 07 June,2024 08:34 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹاگرام کی جانب سے ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جس میں صارفین کو سکرولنگ کے دوران اشتہار دیکھنا ہوگا۔

مقبول ایپلی کیشن انسٹاگرام کے مذکورہ فیچر میں صارفین اشتہار کو اسکِپ کئے بغیر مکمل اشتہار دیکھنے پر مجبور ہوں گے۔

اس حوالے سے ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کو انسٹا گرام انتظامیہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ایسے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جو صارفین کیلئے اشتہارات کو اسکپ کرنا مشکل بنا دے گا۔

تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ انسٹاگرام کی جانب سے اس فیچر کو باقاعدہ طور پر متعارف کرانے کا ارادہ ہے یا نہیں، رپورٹ کے مطابق انسٹا گرام کے ’ایڈ بریک‘ نامی اس نئے فیچر کو بیٹا صارفین پر آزمایا جا رہا ہے۔

صارفین کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت نیوز فیڈ پر اسکرولنگ یا اسٹوریز دیکھنے کے دوران بھی ایڈ بریک سامنے آجاتا ہے، یہ فیچر انسٹاگرام فیڈ پر اسکرول کرتے ہوئے اچانک آپ کو مزید اسکرولنگ سے روک دیتا ہے پھر ایک چھوٹا سا نوٹیفکیشن نمودار ہوتا ہے جوکہ ’ایڈ بریک‘ کی نشاندہی کرتا ہے۔

اِس ایڈ بریک کے دوران آپ کو اشتہار تلاش کرنے کیلئے اوپر یا نیچے اسکرول کرنا پڑے گا، جیسے ہی آپ اشتہار تلاش کر لیں گے تو 6 سیکنڈز کا ٹائمر شروع ہو جائے گا، اِن 6 سیکنڈز کے دوران آپ کو یہ اشتہار اسکِپ کئے بغیر مسلسل دیکھنا ہوگا۔