پاکستان کا دوسرا جدید کمیونیکیشن سیٹلائٹ زمین کے مدار میں پہنچ گیا

Published On 07 June,2024 09:01 am

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کا دوسرا جدید کمیونیکیشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون زمین کے مدار میں پہنچ گیا۔

پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی سپارکو کے ترجمان کے مطابق 30 مئی کو خلا میں بھیجا جانے والا پاکستان کا دوسرا کمیونیکیشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون اپنے زمینی مدار میں پہنچ گیا ہے، پاک سیٹ ایم ایم ون زمین سے 38 ہزار 786 کلومیٹر کی بلندی پر موجود ہے۔

سپارکو ترجمان کے مطابق 5 ٹن وزنی پاک سیٹ ایم ایم ون مواصلات کے جدید ترین آلات سے لیس ہے، سیٹلائٹ سے ملک کے طول و عرض میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت مل سکے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مدار میں پہنچنے کے بعد سیٹلائٹ کے سولر پینل استعمال ہونا شروع ہوگئے، مدار میں سیٹلائٹ کی صحت جانچنے کیلئے مختلف ٹیسٹ کئے جائیں گے۔