نیویارک: (ویب ڈیسک) میٹا نے لوگوں کو جنسی طور پر بلیک میل کرنے پر 63 ہزار انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کر دیئے۔
میٹا نے بتایا کہ افریقی ملک نائیجیریا میں تقریباً 63,000 اکاؤنٹس کو بند کیا گیا ہے، ان میں سے زیادہ تر اکاؤنٹس امریکا میں بالغ مردوں کے مالیاتی جنسی استحصال میں ملوث تھے جو مختلف انسٹاگرام اکاؤنٹس پر اپ لوڈ کی گئی تصاویر کو ایڈٹ کر کے لوگوں کو بلیک میل کرتے تھے۔
نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے آن لائن فراڈ کرنے والے ان افراد کو ’یاہو بوائز‘ کے نام سے جانا جاتا ہے وہ لوگوں کو پیسے کمانے کا جھانسہ دے کر نشانہ بناتے ہیں، فراڈ میں ملوث یہ افراد لوگوں کو اپنے جال میں پھانسنے کیلئے ان سے کہتے ہیں کہ نائیجیریا کے شہزادے کی جانب سے سرمایہ کاری پر شاندار منافع کی پیشکش کی گئی ہے۔
میٹا نے ایک بیان میں کہا کہ انسٹاگرام پر ایسے 63 ہزار اکاؤنٹس تھے جبکہ فراڈ میں ملوث 7 ہزار 200 فیس بک اکاؤنٹس، پیجز اور گروپس کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔
معروف کمپنی نے تقریباً 2500 اکاؤنٹس کے ایک چھوٹے مربوط نیٹ ورک کو بھی ختم کر دیا جسے تقریباً 20 افراد کا گروپ چلا رہا تھا۔
اس جنسی بھتہ خوری، یا ’جنسی وصولی‘ میں لوگوں کو دھمکی دی جاتی ہے کہ ان کی جنسی تصاویر، اصلی یا جعلی سوشل میڈیا پر جاری کر دی جائے گی، انہیں دھمکی دی جاتی ہے کہ اگر وہ ایسا نہیں چاہتے تو انہیں ادائیگی کرنا ہوگی۔
میٹا کے نمائندے نے بتایا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انہوں نے اس طرح کے نیٹ ورکس کو ختم کیا ہو تاہم موجودہ آپریشن کا انکشاف صارفین میں ’آگاہی بڑھانے‘ کیلئے کر رہے ہیں۔