کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) اگر آپ فیس بک استعمال کرنا پسند کرتے ہیں تو اس میں بہت جلد چند بڑی تبدیلیاں نظر آئیں گی، اس کا عندیہ میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے دیا۔
گزشتہ دنوں 2024 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران کمپنی کی کارکردگی کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے مارک زکربرگ نے عندیہ دیا کہ فیس بک میں چند بڑی تبدیلیوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ یہ پلیٹ فارم ایک بار پھر ماضی جیسا بہترین محسوس ہونے لگے۔
انہوں نے کہا کہ فیس بک 3 ارب سے زائد صارفین کی زندگیوں کا ایک اہم حصہ ہے اور ان کی جانب سے اسے ثقافتی طور پر زیادہ بااثر بنانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
مارک زکربرگ نے یہ نہیں بتایا کہ کیا تبدیلیاں کی جا رہی ہیں مگر ان کا کہنا تھا کہ یہ پرجوش سال ثابت ہوگا جب ہم پرانے بہترین فیس بک کو واپس لائیں گے ۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ آئندہ 12 ماہ کے دوران کمپنی کی جانب سے پلیٹ فارم کو مکمل طور پر بدلنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی، مارک زکربرگ کے مطابق میٹا کی جانب سے فیس بک کو بہتر بنانے کے لیے درکار تبدیلیوں کے لیے مختصر المدت کاروباری نتائج کی قربانی دی جاسکتی ہے۔
میٹا کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ہم نے اس پر توجہ مرکوز نہیں کی، مگر اب ہم اس پر اپنا وقت لگائیں گے، مارک زکربرگ کی جانب سے پرانے بہترین فیس بک کا حوالہ دینے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو نئے فیچرز سے محروم کر دیں گے۔
درحقیقت ان کا کہنا تھا کہ فیس بک میں لوگوں کی جانب سے ویڈیوز دیکھنے کے وقت کی شرح میں ایک سال کے دوران دوگنا اضافہ ہوا ہے اور توقع ہے کہ انسٹا گرام اور فیس بک میں ریلز کو دیکھنے کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا۔