خلاصہ
- کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) معروف مصنوعی ذہانت (اے آئی) کمپنی ہگنگ فیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس پر ہونے والا حالیہ سائبر حملہ مکمل طور پر ایک خودکار مصنوعی ذہانت نے انجام دیا، جو اپنی نوعیت کا ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق اگرچہ ہیکرز پہلے بھی مصنوعی ذہانت کو سکیورٹی خامیاں تلاش کرنے یا حملوں کو خودکار بنانے کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں لیکن اس بار پورا حملہ ابتدا سے لے کر اختتام تک ایک خودمختار اے آئی سسٹم نے انجام دیا۔
ہگنگ فیس نے بتایا کہ حملہ آور اے آئی نے کمپنی کے پلیٹ فارم پر ایک ڈیٹا سیٹ اپ لوڈ کیا، جس نے سکیورٹی میں موجود ایک خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کمپنی کے سرورز پر اپنا کوڈ چلانے میں کامیابی حاصل کی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے حملے کا تجزیہ اور اس کی وجہ معلوم کرنے کیلئے اپنے ہی مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹولز استعمال کیے، ایک لارج لینگوئج ماڈل (ایل ایل ایم) کی مدد سے حملے کا جائزہ لیا گیا اور سکیورٹی خامی کی نشاندہی کی گئی۔
ہگنگ فیس ایک معروف اے آئی کمپنی ہے جو ڈویلپرز اور محققین کو مصنوعی ذہانت کے ماڈلز تیار کرنے، ہوسٹ کرنے اور ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مستقبل میں خودکار اے آئی ایجنٹس سائبر سکیورٹی کیلئے نئے چیلنجز پیدا کر سکتے ہیں، جس کے پیشِ نظر جدید دفاعی نظام اور حفاظتی اقدامات مزید اہم ہوتے جا رہے ہیں۔