سپیس ایکس نے رواں سال اپنا 100 واں آربیٹل مشن لانچ کر دیا

سپیس ایکس نے رواں سال اپنا 100 واں آربیٹل مشن لانچ کر دیا

کمپنی کے فیلکن 9 راکٹ نے کیلیفورنیا میں قائم وینڈن برگ سپیس فورس بیس سے اڑان بھری اور 29 نئے سٹارلنک سیٹلائٹس کو زمین کے نچلے مدار میں پہنچایا۔

سٹارلنک 20-15 مشن کے ذریعے کمپنی کے بڑے سیٹلائٹ نیٹ ورک میں مزید 29 براڈبینڈ انٹرنیٹ سیٹلائٹس شامل ہوگئے، سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے جمعے کو تصدیق کی تھی کہ مدار میں موجود سٹارلنک سیٹلائٹس کی تعداد اب 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

راکٹ نے مقامی وقت کے مطابق 12:25 بجے شب سپیس لانچ کمپلیکس 4 ایسٹ سے پرواز کی، لانچ کے بعد فیلکن 9 نے جنوب مشرقی سمت میں سفر کیا اور کامیابی سے اپنے مشن کے اگلے مرحلے میں داخل ہوگیا۔

اس مشن کیلئے فیلکن 9 کے پہلے مرحلے کا بی 1100 بوسٹر استعمال کیا گیا جس کی یہ نویں پرواز تھی، اس سے قبل یہی بوسٹر نیشنل ریکونیسنس آفس کے این آر او ایل-105 مشن اور سٹارلنک سیٹلائٹس کی سات پروازوں میں استعمال ہو چکا تھا۔

لانچ کے تقریباً 8.5 منٹ بعد بی 1100 بحرالکاہل میں موجود سپیس ایکس کے ڈرون شپ Of Course I Still Love You پر کامیابی سے واپس اتر گیا، یہ اس ڈرون شپ پر بوسٹر کی 220 ویں لینڈنگ جبکہ فیلکن بوسٹرز کی مجموعی طور پر 653 ویں کامیاب لینڈنگ تھی۔