امارات میں مصنوعی ذہانت اور جدید فضائی ٹرانسپورٹ کے نئے منصوبوں پر بڑی پیشرفت

امارات میں مصنوعی ذہانت اور جدید فضائی ٹرانسپورٹ کے نئے منصوبوں پر بڑی پیشرفت

اماراتی خبر رساں ادارے وام کے مطابق راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی نے چین کے چھ روزہ سرکاری دورے کے دوران ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں کی بڑی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر چین کی معروف روبوٹکس کمپنی یو بی ٹیک کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت رأس الخیمہ میں انسان نما روبوٹس کی تحقیق، عملی آزمائش اور مختلف شعبوں میں ان کے ممکنہ استعمال کے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔

دورے کے دوران شیخ سعود بن صقر القاسمی نے جدید فضائی نقل و حمل کی ٹیکنالوجی تیار کرنے والی چینی کمپنی کی پیداواری سہولتوں کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر اسمارٹ ٹرانسپورٹ، مصنوعی ذہانت اور کم بلندی پر فضائی نقل و حرکت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے ایک اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، ان اقدامات سے مستقبل میں جدید فضائی سفری نظام اور نقل و حمل کے نئے طریقوں کی ترقی کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق انسان نما روبوٹس اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی صنعتوں، خدمات، تحقیق اور مختلف کاروباری شعبوں میں نئے امکانات پیدا کر رہی ہے، رأس الخیمہ کی جانب سے چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون مقامی صنعتی صلاحیتوں کو جدید بنانے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

تاہم حکام کی جانب سے ابھی راس الخیمہ میں انسان نما روبوٹس کی باقاعدہ تجارتی خدمات یا جدید فضائی مسافر سروس شروع کرنے کی کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، موجودہ معاہدے تحقیق، عملی آزمائش، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور مستقبل کے ممکنہ منصوبوں میں تعاون سے متعلق ہیں۔

راس الخیمہ کے حکمران کا دورۂ چین متحدہ عرب امارات اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے ٹیکنالوجی اور اقتصادی تعاون کی اہم مثال ہے، جس سے ریاست میں جدید صنعتوں، مصنوعی ذہانت اور مستقبل کی نقل و حمل کے شعبوں میں ترقی کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔