خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے متحدہ عرب امارات کی سفارتکار لانا نصیبہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سیکرٹری جنرل بننے کی کوشش کے ذریعے گریٹر اسرائیل منصوبے کو آگے بڑھا رہی ہیں۔
ایکس پر جاری پیغام میں باقر قالیباف نے لانا نصیبہ کی نامزدگی کو اقوام متحدہ کے اعلیٰ ترین منصب پر قبضہ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا اس کا مقصد گریٹر اسرائیل منصوبے کیلئے سفارتی راہ ہموار کرنا اور منظم نسل کشی پر پردہ ڈالنا ہے۔
باقر قالیباف نے کہا کہ ان کے پیشہ ورانہ ریکارڈ میں غزہ کی تباہی کا دفاع کرنے کے سوا کچھ نظر نہیں آتا، یہ ایسا ہی ہے جیسے لومڑی مرغیوں کے باڑے کی نگہبان بننے کیلئے درخواست دے رہی ہو۔
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر کی پوسٹ کے ساتھ 2024ء کی خبر کا سکرین شاٹ بھی شامل تھا، جس میں لانا نصیبہ غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے تعلقات کا دفاع کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
تین روز قبل متحدہ عرب امارات نے باضابطہ طور پر وزارت خارجہ میں سیاسی امور کی انڈر سیکرٹری لانا نصیبہ کو انتونیو گوتریس کی جانشین کے طور پر نامزد کیا تھا۔