خلاصہ
- کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے پیشگوئی کی ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے حوالے سے عوامی غصے یا مایوسی میں آنے والے وقت میں مزید اضافہ ہوگا۔
ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران ایڈم موسیری نے کہا کہ آنے والے برسوں میں اے آئی کے خلاف غصے میں اضافہ ہوگا کیونکہ ملازمتوں سے محرومی، آن لائن مواد کی ملکیت اور تخلیقی کام کے مستقبل کے حوالے سے خدشات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اے آئی کے حوالے سے مزاحمت اور سخت ردعمل زیادہ عام ہو جائے گا کیونکہ اے آئی ٹولز صنعتوں کو تبدیل کریں گے جبکہ ملازمتوں کے مستقبل کے حوالے سے سوالات سامنے آئیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ نہ صرف بدتر ہوگا بلکہ یہ مسلسل بدترین ہوتا جائے گا، میرے خیال میں ہم زیادہ غصہ اور مایوسی دیکھیں گے، آئندہ چند برسوں میں ہم ایسا دیکھیں گے اور متعدد افراد کے لئے حالات زیادہ سخت ہو جائیں گے۔
ایڈم موسیری نے کہا کہ اے آئی سے متعلق انزائٹی فنکاروں، سوشل میڈیا انفلوائنسرز یا تخلیقی شعبوں میں کام کرنے والے افراد تک محدود نہیں، بلکہ اے آئی ماڈلز کی ٹریننگ کیلئے ذاتی مواد کے استعمال پر بھی خدشات سامنے آ رہے ہیں، ممکنہ سکیورٹی خطرات اور آٹومیشن سے انسانی ورکرز کی مانگ میں کمی کے امکانات پر بھی بات کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملازمتوں سے محرومی کے خطرات متعدد شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو متاثر کرسکتے ہیں۔
انہوں نے انسٹا گرام میں اے آئی سے تیار کردہ پوسٹس کی ہینڈلنگ کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی اے آئی سے تیار کردہ بہترین مواد دستیاب ہے مگر بدترین مواد بھی کم نہیں، تو کیا ہم ان کی رینکنگ انسانوں کے تیار کردہ مواد کی طرح گے؟ ممکنہ طور نہیں۔