خلاصہ
- دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں مقامی گیم ڈویلپرز کی تیار کردہ ویڈیو گیمز متعارف کروانے اور ان کی بہتری کیلئے پہلی بار ’’دبئی پلے ٹیسٹ نائٹ‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں آزاد گیم اسٹوڈیوز، مقامی ڈویلپرز اور گیمنگ کے شوقین افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران مقامی سطح پر تیار کردہ 10 ٹو ڈی اور تھری ڈی گیمز پیش کی گئیں، جنہیں شرکا نے آزمایا اور ان کی تیاری میں بہتری کیلئے اپنی آرا اور تجاویز دیں۔
دبئی فلمز اینڈ گیمز کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب کا مقصد گیمز کی باضابطہ ریلیز سے قبل کھلاڑیوں کا ردِعمل جاننا اور ڈویلپرز کو اپنی تخلیقات بہتر بنانے کا موقع فراہم کرنا تھا، اس سرگرمی کے دوران گیم بنانے والوں نے مشاہدہ کیا کہ کھلاڑی ان کی تیار کردہ گیمز کے ساتھ کس طرح تعامل کرتے ہیں، جبکہ انہیں گیم پلے اور ڈیزائن کے مختلف پہلوؤں میں بہتری کے نکات بھی ملے۔
نمائش میں یونیورسٹی کے طلبہ کے منصوبوں سے لے کر مختلف میلوں اور تقریبات کیلئے تیار کردہ گیمز شامل تھیں، ان میں سے متعدد گیمز عرب ثقافت، لوک داستانوں اور متحدہ عرب امارات کے مختلف مقامات سے متاثر ہوکر تیار کی گئی تھیں۔
دبئی فلمز اینڈ گیمز کمیشن کے گیمز کمشنر فیصل کاظم نے کہا کہ دبئی کو عالمی گیمنگ مرکز بنانے کی حکمت عملی میں مقامی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور اس شعبے کی ترقی کیلئے مواقع فراہم کرنا اہمیت رکھتا ہے، دبئی پلے ٹیسٹ نائٹ مقامی ڈویلپرز کو نمایاں کرنے اور گیم تخلیق کرنے والوں کا کھلاڑیوں کے ساتھ رابطہ مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
کمیشن کی ایگزیکٹو برائے ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ مریم لوتاہ نے کہا کہ گیمنگ انڈسٹری کیلئے نئی نسل کے تخلیق کاروں کو تیار کرنا ایک مضبوط اور پائیدار افرادی قوت کی تشکیل کا اہم حصہ ہے، ایسی سرگرمیاں ڈویلپرز کو براہِ راست کھلاڑیوں سے قیمتی رائے حاصل کرنے کا موقع دیتی ہیں، جس کی مدد سے وہ اپنی گیمز کو ترقی کے مراحل میں ہی بہتر بنا سکتے ہیں۔
تقریب میں شریک ڈویلپرز اور کھلاڑیوں نے اس اقدام اور دبئی میڈیا کونسل کی جانب سے گیمنگ شعبے کی معاونت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صنعت میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں اور ویڈیو گیمز کے ذریعے عرب ثقافت اور ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کروانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
دبئی پلے ٹیسٹ نائٹ مجوزہ تقریبات کے سلسلے کی پہلی سرگرمی ہے، جس کا مقصد مقامی طور پر تیار کردہ گیمز کو زیادہ نمایاں کرنا اور ڈویلپرز و کھلاڑیوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے، یہ اقدام دبئی فلمز اینڈ گیمز کمیشن کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کے تحت دبئی میڈیا کونسل کے منصوبوں کے مطابق شہر کو عالمی گیمنگ مرکز بنانے کیلئے کام کیا جا رہا ہے۔