لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کچھ ایسی خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں جن کو پڑھنے پر ہر شخص ورطہ حیرت میں پڑھ جاتا ہے اسی طرح کی ایک خبر ماسک کے حوالے سے آئی ہے، بھارت میں ماسک کی طرح دکھنے والے فروخت ہو رہے ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے دنیا بھر میں ماسک کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا جب کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان ماسک میں مزید جدت لائی جارہی ہے اور اس حوالے سے اکثر عجیب و غریب واقعات بھی سامنے آرہے ہیں۔
کوئی کورونا سے بچنے کے لیے مگر مچھ اور سانپ کی کھال کے بنے ماسک کا استعمال کر رہا ہے تو کہیں لوگ سونے کا مہنگا ترین ماسک بھی استعمال کر رہے ہیں۔
لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے ماسک کے بارے میں بتانے والے ہیں جس کو آپ کھا سکتے ہیں، یہ سننا واقعی عجیب لگ رہا ہوگا لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر ماسک کی طرح دکھنے والے پراٹھے خوب وائرل ہورہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں دارے کے مطابق بھارتی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں ایک ریسٹورینٹ میں ماسک پراٹھا یعنی ماسک کی طرح دکھنے والے پراٹھے مل رہے ہیں۔
اس ریسٹورینٹ میں ماسک کی طرح دکھنے والے 2 پراٹھوں کے ساتھ گریوی 50 روپے میں ملتی ہے جب کہ اس طرح کے پراٹھوں کو بنانے کا مقصد لوگوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔
سوشل میڈیا پر ماسک پراٹھے وائرل ہورہے ہیں اور صارفین کی جانب سے آگاہی کے اس نئے انداز کو خوب سراہا بھی جا رہا ہے۔